پنڈی بھٹیاں:بارشوں ، ژالہ باری سے گندم کی فصل کو نقصان

پنڈی بھٹیاں:بارشوں ، ژالہ باری سے گندم کی فصل کو نقصان

مزید بارشوں کی پیشگوئی پر کسان پریشان ، متاثرہ علاقوں کو آ فت زدہ قرار دینے کا مطالبہ

پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار )موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ایک ہفتہ سے وقفہ وقفہ سے جاری بارشوں، تیز ہوائوں اور اکثر علاقوں میں ژالہ باری سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ،بارشوں اور تیز ہوائوں سے گندم کی تیار فصل زمین پر لیٹ گئی جس سے پیداوار میں کمی کا خدشہ ہے ،جن علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی وہاں گندم کے علاوہ دیگر فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جن میں تربوز مختلف اقسام کی سبزیاں اور دیگر فصلیں شامل ہیں جبکہ ژالہ باری والے علاقوں میں جانوروں کے لئے چارہ کی فصل بھی تباہ ہو گئی جس سے ان علاقوں میں جانوروں کے خوراک کی شدید کمی ہوگئی ہے ۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چند روز میں مزید بارشوں کی توقع ہے جس سے ر ہی سہی کسر بھی نکل جائے گی۔ کاشتکاروں کے مطابق حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے گزشتہ چند سال سے زراعت پہلے ہی نقصان دہ کاروبار بن چکی ہے ، اوپر سے موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے بارشیں تیز ہوائیں اور ژالہ باری سے یہ شعبہ جو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے تباہ ہو کر رہ گیا ہے جس کاشتکار طبقہ ہر فصل پر مقروض ہو کر فاقہ کشی کا شکار ہو رہا ہے ،حالیہ بارشوں سے گندم کی پیداوار میں شدید کمی سے ملک میں خوراک کی کمی واقع ہونے کا بھی اندیشہ ہے ۔ کاشتکار وں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جن علاقوں میں شدید ژالہ باری ہو ئی ان علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا جائے تاکہ کاشتکار طبقہ کو حکومت کی طرف سے ریلیف مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں