امتحانی نظام میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات
پرچوں کے افشا اور نقل میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر )امتحانی نظام میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات کا اعلان ,پرچوں کے افشا اور نقل میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ نے امتحانی نظام کو شفاف، منصفانہ اور میرٹ پر مبنی بنانے کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کر دیا ۔ طلبہ، والدین اور عوام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ امتحانی پرچوں کے افشا ، نقل یا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن/چیئرمین بورڈ سید نوید حیدر شیرازی کی زیرِ سرپرستی اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر احتشام جان بٹ کی نگرانی میں امتحانی عمل کو ہر لحاظ سے شفاف بنانے کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی گئی ہے ۔بورڈ حکام کے مطابق پرچوں کے قبل از وقت افشا کو سنگین جرم قرار دیا گیا ہے جس کی سزا تین سال تک قید اور پچاس ہزار روپے تک جرمانہ ہو سکتی ہے ۔مزید برآں سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع سے جھوٹی یا گمراہ کن معلومات پھیلانے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ متعلقہ اداروں اور قانون نافذ کرنے والے محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ امتحانی عمل کو ہر ممکن طریقے سے محفوظ بنایا جا سکے ۔