پیرو شہید میں منشیات فروشوں کا گھیرائو،بھاری نفری تعینات

پیرو شہید میں منشیات فروشوں کا گھیرائو،بھاری نفری تعینات

شہر کے کسی بھی کونے میں منشیات فروشوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی:سی پی او

گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)منشیات کے گڑھ پیرو شہید میں بڑا کریک ڈاؤن، سی پی او کا اچانک دورہ، منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ،ناکہ بندی کر کے بھاری نفری تعینات کر دی گئی ۔گوجرانوالہ میں منشیات کے گڑھ سمجھے جانے والے علاقے پیرو شہید میں پولیس کا بڑا آپریشن جاری ہے جہاں سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے اچانک دورہ کر کے صورتحال کا خود جائزہ لیا۔ دورے کے دوران علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندی کر کے ہر آنے جانے والے کی کڑی چیکنگ شروع کر دی گئی ۔سی پی او نے موقع پر موجود افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی صورت منشیات فروشوں کو رعایت نہ دی جائے اور ان کے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے ۔دورے کے دوران سی پی او نے علاقہ مکینوں سے براہ راست ملاقات کی جہاں شہریوں نے منشیات فروشوں کے خلاف جاری آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس کی مؤثر کارروائیوں سے انہیں سکھ کا سانس نصیب ہوا ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ یہ کریک ڈاؤن مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ علاقے کو مکمل طور پر منشیات سے پاک کیا جا سکے ۔ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیرو شہید سمیت شہر کے کسی بھی کونے میں منشیات فروشوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں