پاکستان عالم اسلام کے اتحاد کیلئے کوشاں رہے گا:ضیااللہ شاہ

پاکستان عالم اسلام کے اتحاد کیلئے کوشاں رہے گا:ضیااللہ شاہ

وطن عزیز کو درپیش داخلی و خارجی چیلنجز کے پیش نظر تمام مکاتبِ فکر کا متحد ہونا ناگزیر

حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دُنیا )استحکامِ پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی امیر متحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان ڈاکٹر علامہ سید ضیا اﷲ شاہ بخاری نے کہا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل حافظ سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان عالم اسلام کے اتحاد و وحدت کیلئے ہمیشہ کوشاں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو درپیش داخلی و خارجی چیلنجز کے پیش نظر تمام مکاتبِ فکر کا متحد ہونا ناگزیر ہے اور علما و مشائخ کو معاشرے میں اعتدال، رواداری اور اتحاد کو فروغ دینا ہوگا تاکہ ملک میں امن و استحکام یقینی بنایا جا سکے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سعودی ولی عہد پرنس محمد بن سلمان کے بارے میں توہین آمیز جملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محمد بن سلمان کے خلاف ایسے کلمات پوری امت مسلمہ کی توہین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کو بنیادی انسانی حقوق اور تہذیب سیکھنے کی ضرورت ہے اور امریکا کا ایسے فاترالعقل شخص کو صدر بنانا سوالیہ نشان ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی قیادت نے دانشمندی اور تحمل سے خطے میں امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے اور عالم اسلام کے باہمی احترام کو ترجیح دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی داخلہ و خارجہ پالیسیوں پر وزیراعظم اور عسکری قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے علما و مشائخ ملکی استحکام، اتحاد امت اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتشار، انارکی اور ریاست مخالف بیانیہ پھیلانے والے عناصر کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں