ایس او ایس ویلج میں مقیم بچوں کیلئے آرٹ اینڈ کرافٹس نمائش کا اعلان
تمام تر ضروری انتظامات کو بروقت مکمل کرنے کے لئے کمیٹی بھی قائم کر دی گئی
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈویژنل انتظامیہ نے چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ اور ایس او ایس ویلج میں مقیم بچوں کے لئے آرٹ اینڈ کرافٹس نمائش منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے نمائش میں دونوں فلاحی اداروں کے بچے اپنے تخلیقی فنپارے تیار کرکے ڈسپلے اور پبلک سکولوں کے طالب علم بھی ان کے ہمراہ نمائش میں حصہ لیں گے ۔ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں بتایا گیا کہ آرٹ اینڈ کرافٹس نمائش اپریل کے دوسرے ہفتہ میں آرٹس کونسل میں منعقد کی جائے گی۔کمشنر نے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس کی سربراہی میں نمائش کے کامیاب انعقاد اور تمام تر ضروری انتظامات کو بروقت مکمل کرنے کے لئے کمیٹی بھی قائم کردی جس میں پرنسپل ڈویژنل ماڈل کالج فوکل پرسن سیکرٹری کمیٹی ہونگے۔
کمیٹی میں ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالجز،چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ،ایس او ایس،انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن جی سی یونیورسٹی،کیلاش گروپ اور دیگر ارکان شامل ہیں۔کمشنر نے پبلک سکولوں کے پرنسپلز سے کہا کہ وہ سکولوں کے بچوں کو دونوں فلاحی اداروں میں بھجوا کر آرٹ اینڈ کرافٹس نمائش کے لئے مشترکہ تیاری کرائیں۔انہوں نے کہا کہ محرومیوں کے شکار دونوں اداروں کے بچوں کو صحت مندانہ ماحول کی فراہمی کے ساتھ ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے جس کے لئے نمائش کا انعقاد کیا جارہا ہے۔