پبلک پارک منصوبہ کی جلد تکمیل کا ٹاسک

پبلک پارک منصوبہ کی جلد تکمیل کا ٹاسک

محمدی گراؤنڈ زیر تعمیر پارک میں غفلت کے مرتکب ٹھیکیداروں کیخلاف کارروائی کاعندیہ، منصوبہ جلد مکمل کرنے کا حکمڈویژنل کمشنر عامر کریم خاں کا دوہ چاہ بوہڑ والا سکول، خالی میدان میں بچوں کیلئے پلیئنگ ایریا بنانے کی ہدایت

ملتان(خصوصی رپورٹر، وقائع نگار خصوصی) کمشنر عامر کریم خاں نے ایم پی اے سلمان نعیم کے ہمراہ نیو شاہ شمس کالونی میں زیرِ تعمیر محمدی گراؤنڈ پارک کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران کمشنر نے تعمیراتی کام کی سست رفتار پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے ) کو ہدایت کی کہ غفلت کے مرتکب ٹھیکیدار کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔کمشنر عامر کریم خاں نے واضح کیا کہ پارک کی تعمیر میں مزید تاخیر ہرگز قابل قبول نہیں اور ایم ڈی اے کو ہدایت دی کہ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کر کے عوام کے لیے کھولا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اہلِ علاقہ کیلئے جدید اور معیاری سہولیات سے آراستہ پارک کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے ۔ عامر کریم خاں نے بچوں کیلئے محفوظ، رنگین اور دلکش کھیل کا ماحول فراہم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے چاہ بوہڑ والا سکول کے قریب خالی جگہ کا دورہ کیا اور وہاں جدید پلے ایریا قائم کرنے کے احکامات جاری کئے ۔دورے کے دوران کمشنر نے ٹوٹے جھولوں اور خستہ حال کارنر کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ اس جگہ کو مکمل طور پر جدید اور محفوظ پلے ایریا میں تبدیل کیا جائے تاکہ بچوں کو بہتر تفریحی سہولیات میسر آ سکیں۔ عامر کریم خاں کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تعلیمی اصلاحات سے متعلق مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ملتان پبلک سکول میں جاری اصلاحاتی عمل، اساتذہ کی ٹریننگ اور نصاب کی بہتری پر غور کیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں