سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی غفلت کے باعث اندرون شہر جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں
مچھروں کی افزائش میں دن بدن تیزی سے اضافہ ہونے سے وبائیں پھوٹنے کا خدشہ ،شکایات کے با وجود ویسٹ مینجمنٹ کمیٹی کا عملہ صفائی ستھرائی میں ناکام
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ویسٹ مینجمنٹ کے سی ای او اور ڈسٹرکٹ آپریشن منیجر کی ناقص حکمت عملی، غفلت اور عدم دلچسپی کے باعث اندرون شہر کے متعدد علاقے کچرا کنڈی میں تبدیل ہونے سے مچھروں کی افزائش میں دن بدن تیزی سے اضافہ ہونے سے وبائیں پھوٹنے کا خدشہ بڑھ گیا ۔شہریوں کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ سیالکو ٹ ویسٹ مینجمنٹ کی ناقص حکمت عملی اور غفلت ولاپروا ئی کی وجہ سے سیالکوٹ اور متعدد یونین کونسلز میں جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر لگے ہیں متعدد بار ہیلپ لائن پر شکایات کے باوجود عملہ ٹس سے مس نہیں ہورہا جبکہ گندگی اور بدبو کی وجہ سے اہل علاقہ کا جینا محال ہوچکا ہے ۔ یونین کونسلز کے سپروائز اوپر سب اچھا کی رپورٹ پیش کررہے ہیں لیکن سی ای او اور منیجر سمیت دیگر عملہ کسی بھی قسم کی صفائی ستھرائی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے ۔ شہریوں نے کمشنر گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی مختلف یونین کونسلز کا ہنگامی بنیادوں پر دورہ کریں اور گندگی والے علاقوں کے سپروائز اور سینٹری ورکر کے خلاف محکمانہ کارروائی کریں۔