عوامی تحفظ یقینی بنانے کے لیے کراؤڈ مینجمنٹ یونٹ قائم
یونٹ 700 تربیت یافتہ اور جدید سازوسامان سے لیس اہلکاروں پر مشتمل اقدام کا مقصدہنگاموں، عوامی اجتماعات میں فوری ردعمل کو یقینی بنانا ہے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی ہدایات کے مطابق ڈی آئی جی سکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد کی سربراہی میں سکیورٹی ڈویژن نے اسپیشل کراؤڈ مینجمنٹ یونٹ (سی ایم یو) قائم کر دیا ہے ۔ اس اقدام کا مقصد شہری علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا اور ہنگاموں، عوامی اجتماعات اور ہنگامی حالات میں فوری اور پیشہ ورانہ ردعمل کو یقینی بنانا ہے ۔یہ خصوصی یونٹ 700 تربیت یافتہ اور جدید سازوسامان سے لیس اہلکاروں پر مشتمل ہے ، جو سکیورٹی ڈویژن کے مختلف شعبوں سے لیے گئے ہیں،شعبوں میں اسپیشل سکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) سکیورٹی-I، سکیورٹی-II، کورٹ پولیس، مددگار-15اور فارنرز سکیورٹی سیل کے اہلکار شامل ہیں۔
ان مختلف یونٹس کو یکجا کر کے ، سی ایم یو بڑے پیمانے پر ہونے والے پروگرامز، ہنگاموں اور ممکنہ بدامنی کی صورتحال کو منظم انداز میں سنبھالنے کے لیے مربوط اور نظم و ضبط پر مبنی حکمت عملی اپنائے گا۔ اس یونٹ کی بنیادی ذمہ داری شہریوں کا تحفظ، سرکاری و نجی املاک کی حفاظت اور جدید حکمت عملی کے ذریعے امن و امان کو برقرار رکھنا ہے ۔اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی سکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے امن کے قیام میں نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور فوری ردعمل کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی رائٹ فورس کا قیام سکیورٹی ڈویژن کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ ابھرتے ہوئے چیلنجز سے پیشگی نمٹنے اور ہر وقت شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے ۔