فرقہ وارانہ مواد پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

فرقہ وارانہ مواد پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

قانون ہاتھ میں لینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے :ڈپٹی کمشنر

جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساجد حسین کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسروں اور امن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سوشل میڈیا پر نفرت انگیز اور فرقہ وارانہ مواد پھیلانے والوں کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ سوشل میڈیا کی مؤثر اور کڑی نگرانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے واضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے امن کمیٹی کے ممبران پر زور دیا کہ وہ ممبر و محراب کے ذریعے اتحاد، یگانگت اور امن کا پیغام عام کریں، جبکہ معاشرے میں مذہبی رواداری، برداشت اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماکرام سے اپیل کی کہ وہ قیام امن کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں