معیاری تعلیم ،جدید سہولیات کی فراہمی ترجیح ، ڈاکٹر وجیہہ قمر
وزیر مملکت تعلیم کا نمل کا دورہ ، تدریسی طریقوں میں جدت لانے پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )وزیر مملکت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر وجیہہ قمر نے نمل کا دورہ کیا،ریکٹر نمل میجر جنرل(ر) شاہد محمود استقبال کیا-وزیر مملکت اور ریکٹر نمل کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان میں معیاری تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اداروں کو جدید سہولیات سے آراستہ کر کے مؤثر تعلیمی ماحول فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے ، تدریسی طریقوں میں جدت لانے اور تعلیم کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر زور دیا گیا۔ وزیر مملکت کو نمل کے تعلیمی پروگرامز، جاری اقدامات، بین الاقوامی اشتراکات، مفاہمتی یادداشتوں اور ادارے کے ڈھانچے و نظام کار کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ڈاکٹر وجیہہ قمر نے لسانی تنوع اور ثقافتی روابط کے فروغ میں نمل کے کلیدی کردار کو سراہا اور زبانوں کے ذریعے مختلف ثقافتوں کو قریب لانے میں جامعہ کی خدمات کو قابل تحسین قرار دیا۔ریکٹر نمل نے تعلیماتی سفارتکاری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔