فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات ، تجارتی مرکز میں 200 دکانیں سر بمہر
اسسٹنٹ کمشنر اور مختار کار کا پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ہاشو سینٹر پر چھاپہ ،آگ سے بچاؤ کے انتظامات نہیں تھے مارکیٹ کی پہلی منزل پر گیس سلنڈرز، تھنر اور دیگر خطرناک سامان موجود پایا گیا جو حادثے کا سبب بن سکتا تھا
کراچی (اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) مصروف ترین تجارتی مرکز ہاشو سینٹر میں فائر سیفٹی اقدامات نہ ہونے پر 200 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق مصروف ترین تجارتی مرکز ہاشو سینٹر میں فائر سیفٹی اقدامات کی عدم تعمیل پر ضلعی انتظامیہ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مارکیٹ کی پہلی منزل پر موجود 200 دکانوں کو سیل کر دیا ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر اور مختار کار نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ہاشو سینٹر پر چھاپہ مارا اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔پولیس حکام کے مطابق مارکیٹ کے اندر آگ سے بچا ؤکے لیے کوئی حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے تھے ، بلکہ فلور پر گیس سلنڈرز، تھنر اور دیگر خطرناک سامان موجود پایا گیا جو کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا تھا۔
واضح رہے کہ اس مارکیٹ کو اس سے قبل 3 فروری کو بھی سیل کیا گیا تھا، تاہم فائر سیفٹی اقدامات کا نوٹس جاری ہونے کے 7 دن بعد اسے اس شرط پر ڈی سیل کیا گیا تھا کہ تمام انتظامات مکمل کیے جائیں گے ۔دوبارہ نوٹس جاری کیے جانے کے باوجود دکانداروں اور انتظامیہ نے آگ سے بچاؤ کے اقدامات نہیں کیے ۔پولیس اور ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ حکام نے واضح کر دیا ہے کہ جب تک فائر سیفٹی کے تمام لازمی اقدامات مکمل نہیں کیے جاتے ، مارکیٹ کو ڈی سیل نہیں کیا جائے گا۔یاد رہے کہ کمشنر کراچی سید حسن کے احکامات پر فائر سیفٹی اقدامات نہ کرنے پر پیر کے روز متین پلازہ سیل کر دیا گیا تھا۔
قبل ازیں کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں کمرشل اور اہم سرکاری اور نجی عمارتوں کے سیفٹی آڈٹ کے سروے کے کام کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیفٹی آڈٹ سروے کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیفٹی قواعد کی خلاف ورزی کرنے والی عمارتوں کو سیل کیا جائے گا ایسو سی ایشنز اداروں کو پابند کیاجائے گا کہ وہ سیفٹی تقاضے پور ے کریں۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ سیفٹی اصول و ضوابط پر عمل نہ کرنے والوں کو پابند کریں کہ وہ جلد از جلد سیفٹی تقاضے پورے کریں جو عمل نہ کریں انہیں سیل کر دیا جائے ۔