یونیورسٹی آف سرگودھا نے 3ریسرچ پراجیکٹس حاصل کر لیے
اساتذہ کی محنت یونیورسٹی میں تحقیق اور جدت کو فروغ دے رہی ہیں، وائس چانسلر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نیشنل ریسرچ پروگرام فار یونیورسٹیز (این آر پی یو) 2026 کے تحت یونیورسٹی آف سرگودھا نے تین ریسرچ پراجیکٹس حاصل کر لیے ۔این آر پی یو، ایچ ای سی کا ایک اہم اور معتبر پروگرام ہے جس کا مقصد قومی سطح پر درپیش اہم چیلنجز کے حل کے لیے جدید اور مؤثر تحقیق کو فروغ دینا ہے ۔یونیورسٹی آف سرگودھا کی جانب سے این آر پی یو پراجیکٹس حاصل کرنے والوں میں ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال، اسسٹنٹ پروفیسر انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری ڈاکٹر ارم حفیظ اور اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ بائیو ٹیکنالوجی ڈاکٹر مصباح حسین شامل ہیں۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے اس کامیابی کو تحقیقی میدان میں سرگودھا یونیورسٹی کے مسلسل ترقی کے سفر کا ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ادارے کے ایک نمایاں تحقیقی مرکز کے طور پر ابھرتے ہوئے کردار کی عکاس ہے ۔انہوں نے کہا کہ آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن یونیورسٹی میں تحقیق کے فروغ، ادارہ جاتی روابط کے استحکام اور جدید تحقیقی رجحانات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ، جس سے مجموعی تحقیقی ماحول کو بہتر بنانے میں مدد ملی ہے ۔انہوں نے تحقیقی ماحول کو پروان چڑھانے میں پرو وائس چانسلر اور ڈینز کے کردار کو بھی سراہا۔وائس چانسلر نے مزید کہا کہ اساتذہ کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں یونیورسٹی میں تحقیق اور جدت کو فروغ دے رہی ہیں، اور امید ظاہر کی کہ سرگودھا یونیورسٹی مستقبل میں بھی تحقیق کے میدان میں اپنی پیش رفت کو مزید وسعت دے گی۔