بوریکے فتے والی میں چھپڑ پر مافیا قابض ،گلیوں میں پانی جمع

بوریکے فتے والی میں چھپڑ پر مافیا قابض ،گلیوں میں پانی جمع

ریکارڈ میں موجود چھپڑ کو فوری طور پر قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جائے :اہل علاقہ

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )قلعہ کالر والہ کے نواحی گاؤں بوریکے فتے والی میں گاؤں کے سرکاری چھپڑ پر مبینہ طور پر قبضہ مافیا کی جانب سے تجاوزات قائم کر لینے کے باعث مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ اہلِ علاقہ کے مطابق چھپڑ پر قبضے کے نتیجے میں گاؤں کا سیوریج سسٹم بری طرح متاثر ہو چکا ہے اور گندا پانی گلیوں میں جمع ہونے لگا ہے جس سے آمدورفت میں دشواری پیدا ہو گئی ۔ معروف سماجی شخصیت رانا محمد اصغر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گاؤں بوریکے فتے والی کا یہ چھپڑ باقاعدہ طور پر سیوریج کے پانی کے اخراج کے لیے مختص کیا گیا تھا، تاہم قبضہ مافیا نے اس پر غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات قائم کر لی ہیں جس سے نکاسی آب کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج کا پانی گلیوں میں کھڑا رہنے سے نہ صرف تعفن پھیل رہا ہے بلکہ بیمار افراد، خواتین، بچوں اور نمازیوں کو مسجد آنے جانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔رانا محمد اصغر کا مزید کہنا تھا کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو اس مسئلے سے آگاہ کیا جا چکا ہے مگر تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی جس سے اہلِ گاؤں میں بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری ریکارڈ میں موجود مخصوص نمبر کے حامل اس چھپڑ کو فوری طور پر قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جائے تاکہ گاؤں کے سیوریج نظام کو بحال کیا جا سکے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں