دفاتر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے ، کمشنر
صفائی کے نظام کو مزید بہتر اور مؤثر بنایا جائے تاکہ صاف ماحول میسر آ سکے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے تمام ڈپٹی کمشنرز ، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ، ایم ڈی واسا و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلعی و تحصیل سطح پر انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم نکات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر دفاتر کی ری اسٹرکچرنگ بارے بریفنگ لیتے ہوئے خصوصی زور دیا کہ عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے دفاتر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے ۔ اجلاس میں \"ستھرا پنجاب\" مہم کے تحت صفائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور تمام اضلاع کو ہدایت کی گئی کہ صفائی کے نظام کو مزید بہتر اور مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول میسر آ سکے ۔کمشنر نے آوارہ کتوں کی تلفی کے حوالے سے جاری اقدامات کو تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔مزید برآں، کھلے مین ہولز اور نالوں کے مسائل پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ فوری طور پر کھلے مین ہولز کو ڈھانپا جائے اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے ۔ ایم ڈی واسا نے اپنے جاری منصوبہ جات بارے بریفنگ دی۔ کمشنر سرگودھا نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں موجود رہ کر ان اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور عوامی مسائل کے فوری حل کو ترجیح دیں۔