اسپنسر آئی اسپتال 6 اپریل کو کھول دیا جائے گا، میئر
اسپتال میں جاری ترقیاتی، مرمتی اور اپ گریڈیشن کے کاموں کا تفصیلی معائنہکام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت ،طبی خدمات کامعیار بہتر بنا یا جائے ،مرتضیٰ وہاب
کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت تمام اسپتالوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور شہریوں کو معیاری طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اسپتال کی تمام سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے ، اسپنسر آئی اسپتال کو بحالی اور تزئین و آرائش کے کاموں کے بعد 6 اپریل کو کھول دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز اسپنسر آئی اسپتال میں جاری ترقیاتی، مرمتی اور اپ گریڈیشن کے کاموں کا تفصیلی معائنہ اور متعلقہ حکام کو کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل ڈاکٹر مہوش مٹھانی، ڈائریکٹر میڈیا دانیال سیال اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔ میئر نے زیرِ تعمیر وارڈز، آپریشن تھیٹر، او پی ڈی اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی تاریخ میں پہلی بار محکمہ صحت میں انقلابی تبدیلیاں لائی جارہی ہیں اور تمام وسائل شفاف انداز میں استعمال کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں، انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مریضوں کی سہولت کے پیشِ نظر طبی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے ۔مہوش مٹھانی نے بتایا کہ علاج کے لیے جدید تشخیصی آلات، لیزر ٹیکنالوجی اور ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں سہولیات فراہم کی جائیں گی۔