فارم ہاؤس سیل کرنے کے معاملے میں فریقین سے جواب طلب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے شہری کو افغان قرار دے کر پٹرول پمپ اور فارم ہاؤس سیل کرنے کے معاملے میں فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 2 اپریل تک ملتوی کردی۔
سماعت کے دوران درخواست گزار احمد شاہ کی جانب سے دائر درخواست پر ڈپٹی کمشنر جنوبی کی جانب سے جواب جمع نہیں کرایا جا سکا، جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر مکمل جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی۔ وکیلِ درخواست گزار کوثر شر نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کو افغانی قرار دے کر اس کا پٹرول پمپ سیل کیا گیا جبکہ ملیر میں واقع فارم ہاؤس کو بھی سیل کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ فارم ہاؤس سیل کرنے کے اقدام کے خلاف عدالت پہلے ہی حکم امتناع جاری کر چکی ہے تاہم اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ وکیل نے مزید کہا کہ درخواست گزار کے پاس 1954 سے ملکیت اور شہریت سے متعلق تمام دستاویزات موجود ہیں اور وہ پاکستانی شہری ہے ۔