میونسپل کارپوریشن نے 3ترقیاتی سکیموں کی منظوری دے دی
جناح ہال کمپنی باغ کی بحالی،روڈ پر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب منظوری دی گئی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ضلعی ترقیاتی کمیٹی نے میونسپل کارپوریشن سرگودھا کی تین اہم ترقیاتی سکیموں کی منظوری دے دی ہے ۔ کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں شہر کی بہتری اور عوامی سہولیات کے فروغ سے متعلق منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں جناح ہال کمپنی باغ کی بحالی، لاری اڈا روڈ پر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور گڈا خانہ میں منی کرکٹ ارینا کی تعمیر کے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جناح ہال کمپنی باغ کو جدید تقاضوں کے مطابق اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولتوں سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر تفریحی اور ثقافتی ماحول میسر آ سکے ۔ مزید بتایا گیا کہ لاری اڈا روڈ کے چار کلومیٹر طویل حصے پر سٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی، جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی بلکہ شہریوں کو محفوظ سفری سہولت بھی فراہم ہوگی۔ اسی طرح گڈا خانہ میں منی کرکٹ ارینا کی تعمیر سے نوجوانوں کو صحت مند کھیلوں کی سرگرمیوں کے مواقع میسر آئیں گے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں شفافیت، رفتار اور معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق شہری سہولیات کی بہتری اور نوجوانوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کا فروغ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زویا بلوچ، ایکسین ہائی ویز ملک گلفام اعوان، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہتاب یاسین کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران اور ممبران نے شرکت کی۔