پاکستان نے ذمہ دارانہ پالیسی اختیار کی، تیمور مہے
مہنگائی میں کمی، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لایا جائے ،گفتگو
ملتان (لیڈی رپورٹر)ٹکٹ ہولڈر تحریک انصاف این اے 148بیرسٹر ملک تیمور الطاف مہے نے یونین کونسل 80 میں کارکنان کے استقبالیہ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باوجود پاکستان نے ذمہ دارانہ اور متوازن سفارتی پالیسی اختیار کی، اور امن کے قیام پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان تناؤ کے معاملے پر پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے ، کیونکہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جانا چاہئے ۔ملک تیمور الطاف نے کہا کہ اگر پاکستان داخلی سطح پر اپنی معیشت کو مستحکم کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو اس کے مثبت اثرات براہِ راست عوام تک پہنچیں گے ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام، مہنگائی میں کمی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بہتری کے امکانات روشن ہو سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی سرمایہ کاری کے ذریعے ملک کی معاشی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔ مقامی صنعتکاروں کو بھی سرمایہ کاری بڑھانے کی ترغیب دی جائے تاکہ صنعتی سرگرمیاں فروغ پائیں، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور بیروزگاری کا خاتمہ ممکن ہو۔ملک تیمور الطاف نے یہ بھی تجویز دی کہ ریلیف ٹیکس پروگرام متعارف کروائے جائیں تاکہ ٹیکس کی ادائیگی آسان ہو اور شہریوں کو اس میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔