عوامی ریلیف کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں، ڈی سی
نعمان صدیق کا مختلف علاقوں کا دورہ ، صفائی کی صورتحال پر غور کیا
ملتان (وقائع نگار خصوصی) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے صفائی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا اور صفائی انتظامات اور فیلڈ سرگرمیوں کی خود نگرانی کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی ازکیٰ سحر بھی ہمراہ تھیں، جبکہ متعلقہ محکموں کے افسروں نے ویسٹ کلیکشن اور صفائی آپریشن کے نظام پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے سڑکوں، بازاروں اور گلی محلوں میں صفائی کے معیار کا معائنہ کیا اور عملے کو صفائی کے عمل کو مزید موثر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ ان کی زیر صدارت ضلعی محکموں کا کارکردگی جائزہ اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں مختلف محکموں کی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبے اور عوامی فلاح سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن، واسا کی سکیموں اور سیوریج منصوبوں پر پیشرفت رپورٹ پیش کی گئی، جس پر ڈپٹی کمشنر نے کام کی رفتار بڑھانے اور مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ محکمہ صحت کے حوالے سے ہسپتالوں میں سہولیات بہتر بنانے اور عوام کو زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔