سابق چیف آفیسر حیدر چٹھہ کی کرپشن کیس میں ضمانت منظور
اینٹی کرپشن کورٹ نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کی ادائیگی پر رہا ئی کا حکم دیدیا
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )سابق چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن گوجرانوالہ حیدر چٹھہ کے خلاف 104 ترقیاتی سکیموں کے کروڑوں کے بل جعلی دستخطوں سے نکلوانے کا مقدمہ ،اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کی سپیشل کورٹ کے جج نے حیدر چٹھہ کی ضمانت کی درخواست منظور کر لی ،ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کی ادائیگی پر جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا ۔ تفصیل کے مطابق کرپشن کے مقدمہ میں سنٹرل جیل میں بند سابق چیف میونسپل آفیسرگوجرانوالہ حیدر چٹھہ کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست کی سماعت اینٹی کرپشن کی سپیشل کورٹ میں ہوئی ۔ فاضل جج محمد سعید رفیق نے فریقین کے وکلا کے دلائل کی سماعت کے بعد درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ رکھ لیا اور مختصر مدت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے حیدر چٹھہ کی ضمانت منظور کر لی ۔ 28 جنوری 2026 کو تھانہ اینٹی کرپشن گوجرانوالہ سرکل درج کر ائی گئی ایف آئی آر کے مطابق ملزم سال 2022 میں چیف آفیسر ضلع کونسل حافظ آباد تعینات تھا۔ حیدر چٹھہ نے ڈپٹی کمشنر حافظ آباد کے جعلی دستخطوں سے کروڑوں روپے نکلوائے مجموعی طور پر 104ترقیاتی سکیموں ، کوڑا اٹھانے اور گاڑیوں کے مرمتی بلز میں کرپشن کی گئی۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق حیدر چٹھہ کے خلاف گوجرانوالہ میونسپل کارپوریشن میں ہونے والی کرپشن کے معاملے پر انکوائریاں چل رہی ہیں اگر ان کے خلاف کوئی مزید مقدمہ درج نہ ہوا تو انہیں جیل سے رہا کر دیا جائے گا ۔