سیوریج کیلئے کھودے گڑھے بارش سے کنوئوں میں تبدیل
نالوں کی عدم صفائی اور ڈسپوزل کی موٹر یں نہ چلانے سے محلے جوہڑ بن گئے
حافظ آباد(نا مہ نگار ،نمائندہ دنیا ) حافظ آباد میں گزشتہ روز بارش سے شہر میں سیوریج لائن بچھانے کیلئے گھودے گڑھے کنوؤں میں تبدیل ہوگئے ۔شہر کھنڈرات کے مناظر پیش کرنے لگا۔تفصیلات کے مطابق حکومتی پالیسیوں کی عدم پلاننگ سے جہاں شہر کی خوبصورت شاہرا ہیں جنہیں بنے ہوئے ابھی ایک سال بھی نہ ہواتھا ۔انکی توڑپھوڑ کرکے سیوریج لائن بچھائی جارہی ہے تو وہاں شہر کے وسط میں گہرے گڑھوں کی کھدائی کے باعث نہ صرف محکمہ ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کی لائنیں کٹ چکی ہیں بلکہ گزشتہ روز کی وقفے وقفے سے جاری رہنے والی بارش نے ان گڑھوں کو کنو ئوں میں تبدیل کردیا ہے جس کی وجہ سے یہاں پر کسی وقت بھی کوئی بڑا حادثہ رونماہوسکتا ہے ۔پھر شہر بھر میں گندے نالوں کی عدم صفائی اور سیوریج لائنوں کی بندش اور ڈسپوزل ورکس پر پانی کھینچنے والی موٹروں کو نہ چلائے جانے سے شہر کے گلی محلے جوہڑوں میں تبدیل ہوتے دکھائی دے رہے ہیں جہاں بارش کا پانی لوگوں کے گھروں اور دوکانوں میں بھی داخل ہورہاہے ۔سیوریج لائنیں بچھانے کے لئے جہاں گہری کھدائی نے شہر کی خوبصورت شاہراؤں کو تباہ کردیا ہے وہاں اب شہر کے اکثر علاقے کھنڈرات کے مناظر پیش کرنے لگے ہیں۔