سڑکوں پر آوارہ مویشیوں کی بھر مار حادثات میں اضافہ

سڑکوں پر آوارہ مویشیوں کی بھر مار حادثات میں اضافہ

گرین بیلٹس کو نقصان ، راستوں پر گندگی پھیلنے لگی ،قانون نافذ کرنے والے ادارے روک تھام میں ناکام ، عملہ تہہ بازاری اور دیگر حکام مالکان سے پیسے لینے لگے

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )سیالکوٹ میں آوارہ مویشیوں نے سڑکوں پر قبضہ کر لیا ، قانون نافذ کرنے والے ادارے آوارہ مویشیوں کو سڑک پر مٹر گشت سے روکنے میں ناکام ، عملہ تہہ بازاری اور دیگر حکام بھی مویشی مالکان سے پیسے وصول کرنے لگے ۔سیالکوٹ کی مصروف ترین شاہرات پر آوارہ مویشیوں کی بھرمار ہے جس کے با عث حادثات میں اضافہ ہو نے لگا ۔ سیالکوٹ کے علاقہ ایمن آباد روڈ ، پسرور روڈ ، نیکا پورہ ، جناح اسلامیہ کالج روڈ ، امان صاحب ، حاجی پورہ اور دیگر شہری حدود میں آوارہ مویشیوں نے سڑکوں پر قبضہ کرلیا اور آوارہ مویشی سڑکوں پر مٹر گشت کرتے نظر آتے ہیں۔ آوارہ مویشی سڑکوں پر گوبر کرتے اور سڑکوں کو گندا کرتے بھی نظر آتے ہیں۔ شہریوں عمر ملک ، انیق ، محمد اویس ، آصف جنجوعہ ، حنیف اور دیگر کا کہنا ہے کہ آوارہ مویشیوں کا سڑک پر گشت کرنا اور غلاظت پھینکنے کی شکایات میونسپل کارپوریشن کو کر چکے ہیں لیکن میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ کا عملہ مویشیوں کی سڑکوں پر آوارگی ختم کرنے میں بری طرح ناکام ہوا ہے ۔ سیالکوٹ میں آوارہ مویشی مسلسل سڑکوں پر چلتے پھرتے اور خصوصاََ سرکاری طور پر کروڑوں روپے کی لگی ہوئی گرین بیلٹ کو کھاتے اور وہاں بیٹھ کر آرام کرتے بھی نظر آتے ہیں ۔ شہریوں نے حکومت پنجاب ، کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر صبا اصغرسے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں