بیساکھی میلہ پر سکھ یاتریوں کیلئے انتظامات کی ہدایت

بیساکھی میلہ پر سکھ یاتریوں کیلئے انتظامات کی ہدایت

بیساکھی میلہ پر سکھ یاتریوں کیلئے انتظامات کی ہدایت سکیورٹی، صفائی ستھرائی، ہیلتھ کور اور دیگر انتظامی امور کو مکمل کیا جائے :ڈی سی

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ سکھ برادری کے مقدس تہوار بیساکھی کے موقع پر پاکستان آنے والے معزز سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہنے اور مثالی انتظامات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کی زیر صدارت 327 ویں بیساکھی تہوار کی تقریبات کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس ایس پی (آپریشنز) غیور احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ذیشان ندیم، ایم ڈی پی ایچ اے شاہد عباس، اسسٹنٹ کمشنر (صدر) فیصل مجید سمیت متعلقہ محکموں کے افسر وں نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ہر سال بیساکھی کے موقع پر بھارت سمیت دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد سمیت دیگر مقدس مقامات کا رخ کرتے ہیں۔ رواں ماہ بھی بڑی تعداد میں بھارتی سکھ یاتریوں کی آمد متوقع ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے ہدایت کی کہ سکیورٹی، صفائی ستھرائی، ہیلتھ کور اور دیگر انتظامی امور کو قبل از وقت مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یاتریوں کی سہولت کے لیے گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد میں محکمہ صحت کی جانب سے ہیلتھ ڈیسک قائم کیا جائے جہاں شوگر، بلڈ پریشر، دمہ سمیت دیگر امراض کی ابتدائی طبی امداد اور ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں