تمام کاروباروں کو ایک لاٹھی سے نہیں ہانکنا چاہیے :تاجر
تمام کاروباروں کو ایک لاٹھی سے نہیں ہانکنا چاہیے :تاجر کاروبار کی نو عیت کے مطابق او قات مقرر کئے جائیں تاکہ پریشانی نہ ہو:بابر کھرانہ
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)ملک میں جاری توانائی اور پٹر ولیم مصنوعات کے شدید بحران کے پیشِ نظر، مرکزی انجمن تاجران گوجرانوالہ کے صدر شیخ بابر کھرانہ نے وفاقی حکومت کے کاروبار جلد بند کرنے کے فیصلے پر ردِعمل دیتے ہوئے جامع اور حقیقت پسندانہ فارمولا پیش کر دیا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ صرف دکانیں بند کرنا حل نہیں بلکہ شعبہ وار اوقاتِ کار کا تعین وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ بابر کھرانہ نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو تمام کاروباروں کو ایک ہی لاٹھی سے نہیں ہانکنا چاہیے بلکہ ان کی نوعیت کے مطابق اوقات مقرر کرنے چاہئیں۔
انہوں نے تجویز دی کہ ملک بھر کی بڑی ہول سیل مارکیٹوں کو شام 6 بجے مکمل طور پر بند کر دینا چاہیے ، کیونکہ ان کا بنیادی کاروبار دن کی روشنی میں ہی مکمل ہو جاتا ہے ۔انہوں نے موقف اختیار کیا کہ روزمرہ اشیا (گروسری)کی ضرورت عوام کو رات گئے تک رہتی ہے لہذا، گروسری سٹورز کا وقت شادی ہالز کی طرز پر رات 10 بجے تک ہونا چاہیے تاکہ شہریوں کو پریشانی نہ ہو۔ صدر انجمن تاجران نے مارکیٹوں اور شاہراہوں پر ہونے والی اضافی سجاوٹ اور لائٹنگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا اس وقت ملک بجلی کی کمی کا شکار ہے جبکہ دوسری طرف غیر ضروری لائٹنگ کے ذریعے بجلی بے دردی سے ضائع کی جا رہی ہے ۔ ایسی تمام لائٹس پر پابندی ہونی چاہیے جو صرف دکھاوے کیلئے استعمال ہو رہی ہیں۔