اینٹی کرپشن نے 4 اشتہاری ، 4سرکاری ملازم گرفتار کر لئے
اینٹی کرپشن نے 4 اشتہاری ، 4سرکاری ملازم گرفتار کر لئے محمد بشیر، تنویر احمد، اسسٹنٹ ڈی سی آفس امجد پرویز اور نائب قاصد ندیم شامل
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)اینٹی کرپشن نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے ہمراہ مشترکہ چھاپہ مار کارروائی کرکے 4 اشتہاریوں سمیت 8سرکاری ملازمین کو گرفتار کر لیا، یہ کارروائیاں ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی ہدایت اور ڈویژنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ امجد شہزاد کی زیر نگرانی عمل میں لائی گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ سرکل آفیسر اینٹی کرپشن گجرات نثار احمد نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے ہمراہ مشترکہ چھاپہ مار کارروائی عمل میں لاتے ہوئے این ٹی او برانچ میں تعینات پٹواری ملک محمد اسد کو 15ہزار روپے اور محکمہ ایریگیشن کے ہیڈ ڈرافٹس مین سہیل احمد اور جاوید اقبال کو 50 ہزار روپے رشوت لیتے گرفتار کر لیا ۔ سرکل آفیسر نارووال نے سیکرٹری یونین کونسل نمبر 7 کے نائب قاصد افتحار احمد کو ہائیکورٹ لاہور سے درخواست ضمانت خارج ہونے اور ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن منڈی بہاؤالدین ضیا اللہ نے ڈی سی آفس منڈی بہاؤالدین کے کلرک راجہ نذیر احمد کو 20 ہزار روپے رشوت لیتے گرفتار کر لیا ۔ سرکل آفیسر اینٹی کرپشن سیالکوٹ نے اشتہاریوں محمد بشیر، تنویر احمد، اسسٹنٹ ڈی سی آفس امجد پرویز اور نائب قاصد ندیم عباس کو گرفتار کر لیا۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن رانا شبیر اشرف نے بتایا کہ شہریوں کو بلیک میل کرکے رشوت لینے والے سرکاری ملازمین کسی رعایت کے مستحق نہیں۔