میٹرو منصوبہ شہریوں کیلئے درد سر بننے لگا

میٹرو منصوبہ شہریوں کیلئے درد سر بننے لگا

ٹھیکیدار خود ہی یوٹرن بند کر رہے ، اعتماد میں نہیں لیا جا رہا، کھدائی کیلئے بھی مشاورت نہیں کی جاتی ،ٹریفک مسائل بڑھ رہے :اعلیٰ سطح اجلاس میں ڈی سی کے شکوے

گوجرانوالہ (فہد بشیر )میٹرو منصوبے پر پیش رفت کیلئے ہونے والے اجلاس میں کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی ڈپٹی کمشنر نوید اور ارکان پارلیمنٹ نیسپاک اور ٹھیکیدار پر اعتماد میں نہ لینے اور نہ ہی پیش رفت سے آگاہ کرنے پر شکوہ کیا۔جگہ جگہ بڑے بڑے کھڈوں اور یو ٹرن بند کرنے سے شہری اذیت میں مبتلا ہیں جبکہ ارکان اسمبلی نواز چوہان، عمران خالد بٹ، سابق ایم پی اے توفیق بٹ کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی اچھا منصوبہ ہے اس منصوبہ کی تکمیل سے لاکھوں شہری سستی سواری سے مستفید ہونگے لیکن ابھی پرا جیکٹ سے گوجرانوالہ کی عوام پریشان ہیں ،پراجیکٹ کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل ہیں ،مستقبل میں تو اس کا فائدہ ہوگا لیکن ابھی عوام پریشان ہیں۔متبادل روٹس نہیں ہیں،تمام یوٹرن بند ہیں چار چار کلو میٹر تک یوٹرن نہیں ہیں۔مہنگا پٹرول ہے موٹر سائیکل سوار شارٹ کٹ کے چکر میں چالان کروا لیتے ہیں۔

سروس روڈ پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ،ایمبولینس پھنس جاتی ہیں ایک کلو میٹر کا فاصلہ دو گھنٹے میں طے ہوتا ہے ،نیسپاک کو چاہیے کہ منصوبہ کی پیش رفت بارے ضلعی انتظامیہ سے مشاورت کرنی چاہیے کوئی بھی کھدائی سے پہلے انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کو اعتماد لینا چاہیے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت مل سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹھیکیدار خود ہی یوٹرن بند کر رہے ہیں ،ہمیں اعتماد میں نہیں لیا جا رہا اور نہ ہی پیش رفت سے آگاہ کیا جا رہا ہے ،نیسپاک خود ہی محکموں سے رابطے میں ہے ۔ ایم پی اے عمر فاروق ڈار کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے گوجرانوالہ کے عوام کیلئے بڑا تحفہ ہے ،پراپیگنڈا اور باتیں چلتی رہتی ہیں لیکن یہ منصوبہ زبردست ہے ،جی ٹی روڈ پر شادی ہال ہیں منصوبہ مکمل ہونے کے بعد دولہے بھی میٹرو پر سفر کریں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں