قادرآباد بیراج نہر چناب کنارے جھونپڑیوں میں آتشزدگی
موٹرسائیکل سمیت گھریلو سامان خاکستر،منگوکی ورکاں میں4 ایکڑ گندم جل گئی
علی پورچٹھہ،(تحصیل رپورٹر،نمائندہ دنیا) قادرآباد بیراج کے قریب نہر چناب کنارے جھونپڑیوں میں آتشزدگی،موٹرسائیکل سمیت گھریلو سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ جھونپڑی نما گھروں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، تین گھر مکمل جل کر راکھ ہو گئے جبکہ ایک موٹرسائیکل اور گھریلو سامان بھی آگ کی نذر ہو گیا۔نہر کنارے مقیم متاثرہ افراد صفیں بنانے کا کام کر کے گزر بسر کرتے ہیں ۔ اطلاع ملتے ہی مقامی افراد نے اپنی مدد آپکے تحت نہر سے پانی بھر بھر کر آگ پر قابو پالیا۔آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہ ہو سکیں تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ متاثرہ خاندانوں نے اعلیٰ حکام سے مالی تعاون کی اپیل کی ہے ۔نوشہرہ ورکاں کے علاقے میں گندم کی تیار فصل کو آگ لگنے کا دوسرا واقعہ ،ترکھانوالہ کے بعد منگوکی ورکاں میں گندم کی تیار فصل کو آگ لگ گئی متاثرہ زمیندار کے مطابق بچوں نے گندم کی باقیات اکٹھی کرتے ہوئے انہیں آگ لگا ئی جو تیزی سے پھیل کر کھڑی فصل تک جا پہنچی اور چار ایکڑ فصل راکھ بن گئی آگ بجھانے کی کوشش کے دوران 47 سالہ زمیندار فیاض ورک معمولی طور پر جھلس گیا ۔ ریسکیو ٹیم نے اطلاع پر فوری موقع پر پہنچ کر زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور مقامی افراد کی مدد سے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا ۔