ریلوے پھاٹکوں کیساتھ پیدل گزرگاہوں پر گڑھے بن گئے
ٹریک کیساتھ سڑک بھی خستہ حالی کاشکار، تجاوزات قائم ، آمدورفت میں مشکلات
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)ریلوے پھاٹکوں کیساتھ پیدل چلنے والوں کیلئے گزرگاہوں پر گڑھے بن گئے جو کسی بڑی حادثہ کا سبب بن سکتے ہیں جبکہ ریلوے لائن کے ساتھ سڑک بھی خستہ حالی کاشکار ہونے سے آمدورفت میں مشکلات کاسامناہے ۔ گزرگاہوں پر گڑھے بننے سے اکثر گاڑیاں پھنس جاتی ہیں جن سے موٹرسائیکل اور گاڑیوں کے ٹائر بھی خراب ہو رہے ہیں۔ریلوے پھاٹکوں کیساتھ پیدل چلنے والوں کیلئے راستے بنائے گئے گئے ہیں جہاں چرخیاں بھی لگی ہوئی ہیں جس سے لوگ بڑی مشکل سے گزرتے ہیں ۔ان چرخیوں کے نیچے بڑے بڑے گڑھے بنے ہوئے ہیں۔ ریلوے لائن کے ساتھ بھی کھڈے بن رہے ہیں جو کسی بڑے حادثہ کا سبب بن سکتے ہیں جبکہ پھل فروش ریڑھی بانوں نے پھاٹک کے ساتھ قبضہ جما رکھا ہے جس سے پیدل چلنے والوں کے لیے راستہ ختم ہو کر رہ گیا ہے ۔پھاٹک بند ہونے پر مرد وخواتین کی بڑی تعداد بڑی مشکل اور تنگ ہوکر اس جگہ سے گزرتی ہے جس وجہ سے یہاں رش بڑھ جاتا ہے جسکا جیب کترے فائدہ اٹھاتے ہوئے شہریوں کی جیبوں پر ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ریلوے پھاٹک بند ہونے پر گیٹ کے ساتھ پیدل چلنے والوں کے لیے راستہ کھلا ہو نا چاہیے ۔ گڑھوں کو پر کیا جائے جبکہ پھاٹک کے اطراف میں تجاوزات کو بھی ختم کروایا جائے ۔