جماعت اسلامی کے تحت اورنگی میں مین ہول کور تقسیم
نااہلی، کرپشن اور مجرمانہ غفلت سے شہریوں کی جانیں خطرے میں ہیں،منعم ظفرصوبائی حکومت اور کے ایم سی نے عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا ہے
کراچی (آئی این پی)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی میں کھلے مین ہول شہریوں، خصوصاً معصوم بچوں کے لیے موت کا جال بن چکے ہیں، اور جماعت اسلامی نے اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے ضلع غربی اورنگی ٹاؤن میں 1000 مین ہول کور مفت تقسیم کرنے کا عملی اقدام اٹھایا ہے ۔یہ کام دراصل کراچی میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری تھی، مگر بدقسمتی سے نااہلی، کرپشن اور مجرمانہ غفلت کے باعث شہریوں کی جانیں مسلسل خطرے میں ہیں۔ جماعت اسلامی نے اختیارات سے بڑھ کر عوامی خدمت کی روایت قائم کی ہے اور گزشتہ ڈھائی سال میں 35 ہزار سے زائد مین ہول کور لگائے اور تقسیم کیے ہیں۔
کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام شہر کی بہتری، اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل اور کراچی کے حقوق کے حصول کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اور اس جدوجہد کا حصہ بنیں۔ان خیالات کاا ظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت اورنگی ٹاؤن بالمقابل زیڈ ایم سی آفس پرمین ہول کورکی مفت تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے مزیدکہاکہ حالیہ برسوں میں درجنوں افراد کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد بچوں کی ہے ۔ ہم اپنے بچوں کو یوں موت کے منہ میں نہیں جانے دیں گے ۔پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت اور کے ایم سی نے عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا ہے۔