جدید ٹیکنالوجی سے پیداوار میں اضافہ ممکن، سردار شاہ
غذائی تحفظ کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے کسانوں کو سہولتیں دی جائیںصوبائی وزیرتعلیم کی ڈیلفا ایکسپو نمائش میں شرکت،مختلف اسٹالز کا دورہ کیا
کراچی(این این آئی)ڈیری ایگریکلچر اینڈ لائیو اسٹاک فارمرز ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام ڈیری، زراعت اور لائیو اسٹاک سے متعلق نمائش ڈیلفاایکسپوکا انعقاد کراچی ایکسپو سینٹر میں کیا گیا جس میں ملک بھر سے کسانوں، فارمرز، ماہرین اور متعلقہ شعبہ جات سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔نمائش میں صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے خصوصی شرکت کی اور مختلف اسٹالز کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جدید زرعی، ڈیری اور لائیو اسٹاک ٹیکنالوجی کا جائزہ لیا اور جدید طریقہ کار کو سراہتے ہوئے اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ زراعت اور لائیو اسٹاک معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان شعبوں کی ترقی سے نہ صرف دیہی معیشت کو استحکام مل سکتا ہے بلکہ قومی سطح پر خوراک کے تحفظ کے چیلنجز سے بھی موثر انداز میں نمٹا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت اور نجی شعبہ مل کر کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی، تربیت اور سہولتیں فراہم کریں تاکہ پیداوار میں اضافہ ممکن ہو سکے ۔سید سردار علی شاہ نے کے مطابق ایسے ایونٹس فارمرز کے درمیان تجربات کے تبادلے ، نئی ٹیکنالوجی کے تعارف اور شعبے میں بہتری کے لیے نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں،موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث زراعت کو کئی چیلنجز درپیش ہیں، تاہم اگر شعبے پر خصوصی توجہ دی جائے تو نہ صرف معیشت کو سہارا دیا جا سکتا بلکہ غذائی ضروریات کو بھی پورا کیا جا سکتا ہے ۔