گورنر سے کویتی قونصل جنرل کی الوداعی ملاقات،تعاون مزیدمستحکم کرنے پراتفاق

گورنر سے کویتی قونصل جنرل کی الوداعی ملاقات،تعاون مزیدمستحکم کرنے پراتفاق

کراچی (آئی این پی)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے کویت کے قونصل جنرل سالم الحمدان نے گورنر ہاؤس کراچی میں الوداعی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور کویت کے درمیان مختلف شعبوں میں اشتراکِ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے قونصل جنرل سالم الحمدان کی سفارتی خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔کویتی قونصل جنرل نے اس موقع پر کہا کہ کویتی شاہی خاندان کراچی شہر سے دلی لگاؤ رکھتا ہے اور یہاں کے لوگ بہت مہمان نواز ہیں۔ کویتی سرمایہ کار سندھ، بالخصوص کراچی میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور یہاں کے تجارتی ماحول سے مطمئن ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کویت کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں