سیالکوٹ:معرکہ حق کی کامیابی پر آتش بازی ، ملی نغمے پیش

 سیالکوٹ:معرکہ حق کی کامیابی پر آتش بازی ، ملی نغمے پیش

شہریوں کا وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور افواجِ پاکستان سے بھرپور اظہارِ عقیدت

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے زیر اہتمام معرکہ حق کی تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر شہر میں شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور افواجِ پاکستان سے بھرپور اظہارِ عقیدت دیکھنے میں آیا۔ تقریب کے سلسلے میں پیرس روڈ کو دلکش برقی قمقموں، سبز ہلالی پرچموں اور خوبصورت سجاوٹ سے آراستہ کیا گیا جبکہ رات کے وقت شاندار آتش بازی نے آسمان کو رنگوں سے بھر دیا اور شرکا کا جوش و خروش دیدنی رہا۔تقریب میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور علاقائی ثقافتوں کی نمائندگی کرتے رنگا رنگ ثقافتی رقص، ملی نغموں اور خصوصی پرفارمنسز پیش کی گئیں جنہیں شہریوں نے بے حد سراہا۔تقریب میں صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشا اﷲ بٹ، ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) دوست محمد، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی چودھری فیصل اکرام، رانا عارف ہرناہ، بیگم گلناز شجاعت پاشا، نوید اشرف، شکیلہ آرتھر، رانا شمیم احمد خان، اسسٹنٹ کمشنر صفدر شبیر، سی او میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو سمیت دیگر معزز شخصیات اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں