جامکے چٹھہ:جانور مہنگے ، منڈیوں خریدار نہ ہو نے کے برابر
خوراک، ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات میں اضافے کے با عث مہنگے ہیں :بیو پاری
جامکے چٹھہ(نامہ نگار)عیدالاضحیٰ کے قریب آتے ہی مختلف علاقوں میں قائم عارضی مویشی منڈیوں میں بکرے ، چھترے ، بچھڑے ، بیل فروخت کیلئے بڑی تعداد میں موجود ہیں، تاہم شدید گرمی اور مہنگائی کے باعث خریدار نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ مویشی پال حضرات اپنے جانوروں کی بہتر قیمت کے حصول کیلئے منڈیوں میں ڈیرے ڈالے بیٹھے ہیں مگر خریدار صرف جانوروں کا جائزہ لے کر لوٹ رہے ہیں۔بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ جانوروں کی خوراک، ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات میں بے پناہ اضافے کے باعث مویشی مہنگے داموں فروخت کرنا مجبوری بن چکا ہے جبکہ شہری بڑھتی مہنگائی اور محدود آمدن کی وجہ سے قربانی کے جانور خریدنے میں دشواری محسوس کر رہے ہیں۔ دوسری جانب شدید دھوپ اور حبس نے بھی منڈیوں کا ماحول متاثر کیا ہے جس کے باعث دن کے اوقات میں خریداروں کی تعداد انتہائی کم دکھائی دیتی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر جانوروں کی قیمتوں میں کمی نہ آئی تو متوسط طبقے کیلئے سنتِ ابراہیمی ادا کرنا مشکل ہو جائے گا۔ عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مویشی منڈیوں میں نرخوں کی نگرانی اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ خریدار اور فروخت کنندگان دونوں کو ریلیف مل سکے ۔