روانڈا کی ہائی کمشنر ہریریماناکاگوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کا دورہ
دونوں ممالک میں شراکت داری مضبوط بنانے ،دوطرفہ تجارت بڑھانے پرتبادلہ خیال
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)روانڈا کی ہائی کمشنر ہریریمانا فاتو نے وفد کے ہمراہ گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ چیمبر آمد پر صدر علی ہمایوں بٹ، سینئر نائب صدر سعد جمیل عرفانی، نائب صدر فیصل ستار مغل اور ایگزیکٹو ممبران نے وفد کا استقبال کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک میں نجی شعبے کی سطح پر شراکت داری کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔روانڈا کی ہائی کمشنر نے خطاب کرتے کہا زرعی مشینری اور ایس ایم ایز کے لحاظ سے گوجرانوالہ پنجاب کی صنعتی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے روابط کو گہرا کرنا ہے ۔ اراکینِ چیمبر کو بریفنگ میں بتایا کہ روانڈا میں انسدادِ کرپشن کیلئے سخت ترین پالیسی نافذ ہے جبکہ بجلی کے نرخ پاکستان کے مقابلے میں کم ہیں جس سے پیداواری لاگت کم کرنے میں مدد ملتی ہے ۔ آئندہ ستمبر میں پاکستان روانڈا بزنس فورم کے انعقاد کا بتاتے ہوئے واضح کیا کہ تجارتی حجم بڑھانے کیلئے مڈل مین کے کردار کو یکسر ختم کر کے براہ راست امپورٹ ایکسپورٹ کو فروغ دیناچائے ۔ صدر چیمبر نے ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے کہاکہ گوجرانوالہ چیمبر افریقی منڈیوں تک براہِ راست رسائی حاصل کرنے اور دوطرفہ تجارتی روابط کو پائیدار بنانے کیلئے اپنا فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔