نقل مافیا کیخلاف بڑی کارروائی، 5اہلکار فارغ، ٹیچر معطل
پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے امتحانی نظام کی شفافیت کیلئے بوٹی مافیا کیخلاف کارروائی
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا)نقل مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے تعلیمی بورڈ فیصل آباد نے مختلف امتحانی مراکز پر کارروائی کے دوران 5 اہلکاروں کو فارغ جبکہ ایک ٹیچر کو معطل کر دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے امتحانی نظام کی شفافیت کے لیے بوٹی مافیا کے خلاف کارروائی کی۔کمشنر و چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد مسرت جبیں کی خصوصی ہدایات پر سیکرٹری بورڈ نے جھنگ کے مختلف امتحانی مراکز پر اچانک چھاپے مارے ۔کارروائی کے دوران امتحانی مراکز 274 ج ب، 275 ج ب اور 246 میں پیسے وصول کر کے طلبہ کو نقل کروانے کے شواہد پر گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول 274 ج ب سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ، گورنمنٹ ہائی سکول 275 ج ب سے سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور ایک نگران کو فوری فارغ کر دیا گیا۔اسی طرح سنٹر نمبر 246 گورنمنٹ حسینیہ ہائی سکول جھنگ سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو اس کے موبائل فون سے طلبہ کو نقل میں معاونت اور پیسے وصول کرنے کے شواہد ملنے پر معطل کر دیا گیا۔ کارروائی کے تسلسل میں ڈی ای او جھنگ نے گورنمنٹ ہائی سکول ماجھی سلطان جھنگ کے ٹیچر امان اللہ کو بھی فوری معطل کر کے اس کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کر دی۔