ہسپتالوں میں ادویات کا فقدان، ستھرا پنجاب منصوبہ ناکام

ہسپتالوں میں ادویات کا فقدان، ستھرا پنجاب منصوبہ ناکام

ڈسپرین کے سوا کوئی مؤثر دوا دستیاب نہیں ،مریض مشکلات کاشکار :طارق گجر

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کا فقدان، ستھرا پنجاب منصوبہ ناکام ہو چکا ،ایم پی اے طارق گجر نے حکومت کی پالیسیوں اور گوجرانوالہ میں عوامی مسائل پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے سرکاری ہسپتالوں کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈسپرین کی گولی کے سوا کوئی مؤثر دوا دستیاب نہیں جبکہ غریب مریض علاج معالجے کی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں ادویات، ٹیسٹ سہولیات کے باعث ہزاروں مریض مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں۔ حکومت صحت کے شعبے کو بہتر بنانے کے دعوے تو کرتی ہے مگر عملی طور پر صورتحال اس کے برعکس ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور مریضوں کو بنیادی طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ طارق گجر نے وفاقی و صوبائی بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں گوجرانوالہ کے چلڈرن ہسپتال کیلئے کوئی فنڈز مختص نہیں کئے گئے حالانکہ یہ منصوبہ لاکھوں بچوں کے علاج کیلئے نہایت ضروری ہے ۔ پی ٹی آئی رہنما نے ماس ٹرانزٹ منصوبے پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے میں ٹنل کی تعمیر پر گوجرانوالہ کی تاجر برادری سراپا احتجاج ہے ،انہوں نے کہا کہ تاجروں کے تحفظات دور کئے بغیر منصوبہ مسلط کرنا مناسب نہیں، حکومت کو چاہیے کہ تاجروں اور شہریوں کو اعتماد میں لے کر ایسا لائحہ عمل اختیار کرے جس سے ترقیاتی کام بھی مکمل ہوں اور کاروبار بھی متاثر نہ ہو۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں