اسلام میں دہشتگردی اور شر پسندی کی گنجائش نہیں:کمشنر
آر پی او کیساتھ منڈی بہائوالدین کا دورہ ، محرم الحرام کیلئے انتظامات کا جائزہ
منڈی بہاؤالدین (ڈسٹرکٹ رپورٹر)کمشنر گوجرانوالہ محمد علی اور ریجنل پولیس آفیسر خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے محرم الحرام کے سلسلہ میں ضلع منڈی بہا ئوالدین کا دورہ کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی ، ضلعی کنٹرول روم کا معائنہ کیا اور مختلف جلوسوں کے روٹس کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کامران عامر خان، ضلعی امن کمیٹی ممبران ، علمائے کرام بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے محرم الحرام کے دوران کئے گئے سکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی ، طبی امداد، لائٹنگ اور دیگر ضروری انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔کمشنر کا کہنا تھا کہ اسلام امن و سلامتی، بھائی چارہ اور یکجہتی کا دین ہے۔
اس میں بدامنی، دہشتگردی اور شر پسندی کی کوئی گنجائش نہیں ، امن کمیٹی کے اراکین، علمائے کرام اور معاشرے کے دیگر سرکردہ افراد امن و امان کے قیام،ملی یکجہتی،باہمی رواداری ،مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کلیدی کردار ادا کریں۔ ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں عشرہ محرم الحرام کے دوران 1282مجالس اور 297عزاداری جلوس منعقد ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے انتظامات کی مو ثر نگرانی کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ، جہاں 24 گھنٹے مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ ادارے محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے مکمل طور پر الرٹ اور متحرک ہیں۔