چکوڑی شیر غازی قبرستان جوہڑ بن گیا‘انتظامیہ تماشائی
مناسب نکاسی آب کے فقدان اور دیگر انتظامی مسائل کے باعث پانی داخل
لالہ موسیٰ(نمائندہ دنیا )چکوڑی شیر غازی قبرستان جوہڑ بن گیا،انتظامیہ خاموش تماشائی بن گئی ۔ نواحی گاؤں چکوڑی شیر غازی میں واقع قبرستان گندے پانی میں ڈوب کر عملاً جوہڑ کی شکل اختیار کر چکا ہے جبکہ متعلقہ اداروں کی خاموشی اہلِ علاقہ کیلئے تشویش کا باعث بن گئی ہے ، قبرستان کا تقریباً پورا رقبہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے جبکہ گندے پانی، کائی اور کچرے نے مقدس مقام کو جوہڑ بنا دیا ،مقامی لوگوں کاکہناہے کہ ماضی میں جوہڑ قبرستان کے ساتھ مگر الگ جانب واقع تھا تاہم وقت گزرنے کے ساتھ اردگرد زمینوں کی فروخت، مناسب نکاسی آب کے فقدان اور دیگر انتظامی مسائل کے باعث پانی قبرستان میں داخل ہوتا گیا اور اب صورتحال یہ ہے کہ قبرستان ہی جوہڑ بن چکا ہے۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کی متعدد بار نشاندہی کی جا چکی ہے لیکن تاحال کوئی مؤثر اقدام سامنے نہیں آیا۔ شہریوں کے مطابق قبرستان کی موجودہ حالت نہ صرف مرحومین کے لواحقین کیلئے باعثِ اذیت ہے بلکہ قبرستان کے تقدس اور احترام کے حوالے سے بھی افسوسناک ہے ۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر گجرات، اسسٹنٹ کمشنر ، محکمہ لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لیا جائے ، قبرستان سے پانی کے نکاس کا مستقل انتظام کیا جائے اور مقدس مقام کو مزید بربادی سے بچانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔