ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ آبپاشی کا قادر آباد بیراج کا دورہ

ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ آبپاشی کا قادر آباد بیراج کا دورہ

بیراج کی آپریشنل کارکردگی اور سیلابی سیزن کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن)محکمہ آبپاشی پنجاب نے چیف انجینئر فیصل آباد زون اور سپرنٹنڈنگ انجینئر قادر آباد سرکل کے ہمراہ قادر آباد بیراج کا دورہ کیا، انہوں نے بیراج کی آپریشنل کارکردگی اور سیلابی سیزن کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران متعلقہ افسروں کو قادر آباد بیراج کی موجودہ آپریشنل صورتحال، پانی کے بہاؤ، حفاظتی اقدامات اور انتظامی امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بیراج کی کارکردگی، دریا کے پانی کے انتظام اور آئندہ مون سون و ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

بعد ازاں ایڈیشنل سیکرٹری آبپاشی پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام نے سیلاب سے متاثرہ مقامات پر جاری بحالی و مرمتی کاموں کا موقع پر معائنہ کیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسر وں کو کام کے معیار اور رفتار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر فیلڈ فارمیشنز اور محکمہ آبپاشی کے اہلکاروں کو آئندہ سیلابی سیزن کے پیش نظر مکمل تیاری، بروقت ردعمل اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ افسر وں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور آبی تنصیبات کی سلامتی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں