9 اور 10 محرم کو بجلی کی مسلسل فراہمی کیلئے 160 ہنگامی مراکز ، خصوصی ٹیمیں تشکیل
جلوسوں اور مجالس کے راستوں اور مقامات پرمطلوبہ سامان اور آلات سے آراستہ گیپکو کی گاڑی اور ماہر عملہ موجود رہے گا،ٹرپنگ اور نقص کی صورت میں فوری سروس فراہم کی جائیگی :سی ای او
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو گیپکو انجینئرمحمد ایوب نے کہا ہے کہ ایام عاشور 9اور10محرم کے دوران امام بارگاہوں اور عزاداروں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے اور کسی بھی قسم کے غیر متوقع بجلی کے بریک ڈاؤن سے نمٹنے کیلئے گیپکو کے تمام سرکلز، ڈویژن اور سب ڈویژن کی سطح پر مطلوبہ مقامات پر160ہنگامی مراکز قائم کر د ئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے راستوں اور مقامات پرمطلوبہ سامان اور آلات سے آراستہ گیپکو کی گاڑی اور ماہر عملہ موجود رہے گا جو کسی بھی جگہ بجلی کی ٹرپنگ یا دیگر کسی نقص کی صورت میں فوری سروس فراہم کریگا۔
چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ ریجن بھر میں گیپکو کی مختلف ٹیمیں تشکیل دے کر ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے امام بارگاہوں، ذوالجناح اور تعزیہ کے روٹس کا ازسرنو جائزہ لے کر اور اِن روٹس پر تاروں کے نظام کوبہتر بنا دیا گیا ۔انجینئر محمد ایوب نے کہا کہ آپریشنل سٹاف میں شامل تمام افسر و ملازمین کی 24گھنٹے دستیابی کو یقینی بنا یا جائے گا تا کہ مقدس ایام میں بجلی کے ہنگامی مسائل کو فوری حل کیاجا سکے اور عزاداری اور لا اینڈ آرڈر کے کاموں میں خلل نہ پڑے۔