پھالیہ:رہائشی علاقوں سے جانورو ں کے باڑے منتقل نہ ہوسکے
جانور کے حملے سے کمسن بچی زخمی ، اہل علاقہ کا انتظامیہ سے کارروائی کا مطالبہ
پھالیہ (نامہ نگار)حکومتی پابندی اور ضلعی انتظامیہ کی واضح ہدایت کے باوجود پھالیہ کے مختلف رہائشی علاقوں میں جانوروں کے ڈیرے بدستور قائم ہیں جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات اور صحت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ محلہ مغلپورہ میں ایک جانور کے حملے سے کمسن بچی زخمی ہو گئی جس کے بعد اہلِ علاقہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آبادی کے اندر جانور رکھنے سے گندگی کے ڈھیر لگ جاتے ہیں بدبو پھیلتی ہے اور مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہوتا ہے جس کے نتیجے میں ڈینگی سمیت مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے ۔مقامی رہائشیوں کے مطابق یہ صورتحال نہ صرف عوامی صحت کیلئے نقصان دہ ہے بلکہ شہریوں کی جان و مال کیلئے بھی خطرہ بن چکی ہے انہوں نے کہا کہ متعدد بار شکایات کے باوجود مسئلہ جوں کا توں ہے اور متعلقہ اداروں کی جانب سے مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔اہلِ علاقہ نے ضلعی انتظامیہ اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ میونسپل کمیٹی پھالیہ اور پیرا فورس سے رہائشی علاقوں سے جانوروں کے ڈیرے ختم کر ائے جائیں اور شہریوں کو محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیاجائے ۔