وزیر دفاع خواجہ آصف کی جلوس ،مجلس عزا میں میں شرکت
فلسطین آزاد ریاستا بنے گا ، لبنانی عوام کو اسرائیلی مظالم سے نجات ملے گی:خطاب
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا)وزیر دفاع خواجہ آصف نے اڈا پسروریاں میں عاشورہ محرم کے مرکزی ماتمی جلوس میں شرکت کی اور جلوس کی قیادت کی۔ انہوں نے بیری والا چوک میں مستری عبداﷲ امام بارگاہ میں مجلس عزا میں بھی شرکت کی۔صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت منشا اﷲ بٹ بھی انکے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر اور ڈی پی اودوست محمد نے وفاقی اور صوبائی وزراکو ضلع بھر میں محرم کے سکیورٹی، ٹریفک، صفائی اور دیگر انتظامات پر بریفنگ دی۔بعد ازاں خواجہ آصف نے اڈا پسروریاں میں میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ اس سال محرم الحرام ایسے وقت میں آیا ہے جب خطہ حالیہ جنگ کے اثرات سے گزر رہا ہے ۔ ایرانی قوم کی استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں، فلسطینیوں، ایرانیوں اور لبنانیوں کی قربانیاں رنگ لا رہی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب فلسطین ایک آزاد ریاست بنے گا اور لبنان کے عوام بھی اسرائیلی ظلم و ستم سے نجات حاصل کرینگے ۔