30ہزارکے بجلی بل تنازعہ پر بھائی کا قتل ، سزائے موت
غلام مرتضیٰ کو عمر فاروق کی جان لینے پر 10لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر )30ہزارکے بجلی بل معاملہ پر بھائی کے قتل پرعدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم کو سزائے موت کا حکم دیدیا ۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ندیم طاہر کی عدالت میں ملزم غلام مرتضیٰ کیخلاف تھانہ گرجاکھ میں درج قتل کا مقدمہ زیر سماعت تھا ۔ فاضل جج کے فیصلہ سنانے کے بعد ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر زبیر احمد نے میڈیا کو بتایا کہ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر غلام مرتضیٰ کو سزائے موت اور 10 لاکھ روپے معاوضہ مقتول عمر فاروق بٹ کے شرعی وارثان کو ادا کرنے کا حکم دیا ہے ۔ غلام مرتضیٰ نے 30ہزار 354روپے کے بجلی بل کے تنازعہ پر محلہ رحمت پورہ گلی نمبر 6گرجاکھ کے رہائشی اپنے چھوٹے بھائی عمر فاروق کو تکرار کے بعدگردن پر چھری چھری کے وار کئے جس سے شدید زخمی ہو کر دم توڑ گیا تھا ۔ مقتول کی بیوہ کی مدعیت میں 23جولائی 2024کو تھانہ گرجاکھ میں مقدمہ درج ہوا تھا ۔