صوبائی وزیر ذیشان رفیق کا کنٹرول روم سے سکیورٹی جائزہ
ضلعی انتظامیہ، پولیس ودیگر اداروں کی محرم پر سکیورٹی،انتظامات پر بریفنگ
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کمشنر گوجرانوالہ محمد علی، ڈپٹی کمشنر نوید احمد،آرپی او خرم شہزاد وڑائچ، سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر غیاث گل اور متعلقہ محکموں کے افسروں کے ہمراہ محرم کے مرکزی جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ضلعی وسیف سٹی کنٹرول رومز کا دورہ کیااوربذریعہ ویڈیو لنک شہر بھر کی امام بارگاہوں، جلوسوں کے روٹس اور حساس مقامات کی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا ۔ صوبائی وزیر کو ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے محرم کے سکیورٹی ودیگرانتظامات پر بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ محرم کے دوران تمام افسر فیلڈ ڈیوٹی پر موجود رہیں اور کسی بھی شکایت یا ہنگامی صورتحال پر فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے ۔ عزاداران کو پرامن ماحول،جلوسوں کے روٹس پر صفائی ، نکاسی آب، سٹریٹ لائٹس، پینے کے صاف پانی، عارضی طبی مراکز، ریسکیو سروسز اور ٹریفک کی روانی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے ۔ جلوسوں کی گزرگاہوں پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں اور ویڈیو مانیٹرنگ سسٹم کو مکمل فعال رکھا جائے اور مشکوک سرگرمیوں پر فوری کارروائی کی جائے ۔