امام حسینؓ جیسا جذبہ ،جرات وبہادری ضروری:داؤد رضوی
نواسہ رسول ؐنے فاسق و فاجر حاکم کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کا حق ادا کردیا
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)امام عالی مقام سیدنا امام حسینؓ نے کربلا معلی میں اپنے خون سے اسلام کی آبیاری کی،آپ ؓنے ظالم،فاسق و فاجر حاکم کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کا حق ادا کردیا۔ آپؓ کے لازوال کردار اور بے مثال قربانی کے چرچے قیامت تک ہوتے رہیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا پیر داؤد رضوی نے جماعت رضائے مصطفی ؐ کے زیراہتمام آستانہ عالیہ قادریہ رضویہ زینت المساجد دارالسلام میں 78 ویں سالانہ محفل ذکر امامِ حسین ؓسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اورانکے رفقا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ انکے اسوہ حسنہ کی پیروی کرنا ہے ۔ ہمیں اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کیلئے امام حسینؓ جیسے جذبہ اور جرات وبہادری کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پنجگانہ نماز با جماعت ادا کرکے اورہمیشہ قرآن پاک کی تلاوت درود وسلام پڑھ کر امام حسینؓ کو خوش کرناچاہئے چونکہ میدان کربلا میں انہوں نے ہمیں یہی سبق دیاہے ۔محفلِ پاک کے اختتام پر صلوٰۃ و سلام اور وطنِ عزیز ا و رعالم اسلام کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔