امام حسین ؓ نے یزیدی فکر کوپاش پاش کردیا:وسیم الحسن
شہداکربلا کی قربا نی اسلام ، پاکستان کیخلاف سازشوں کو ملیا میٹ کرنیکی درس دیتی
حافظ آباد(نمائندہ دُنیا)جماعت الصفہ کے سربراہ بیرسٹر وسیم الحسن نقوی نے یوم عاشور پر مرکز اہلسنت دربارخطیب السلام کے باہر 55ویں سالانہ عظیم الشان شہادت حضرت سیدنا امام حسین ؓ کانفرنس کے بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا نواسہ رسول ؐ اور انکے جانثاروں کی لازوال قربانی ہمیں اس بات کا درس دیتی ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے اسلام اور پاکستان کے خلاف اٹھنے والی تمام سازشوں کو ملیا میٹ کرڈالیں۔انہوں نے کہا کہ یزید شعار اسلام کی دھجیاں اڑاکر اور لہوولہب میں مبتلا ہوکر اپنی عیش وعشرت کے بازار کو گرم کرنا چاہتا تھا لیکن سیدنا امام حسین ؓ نے کرب وبلا کے میدان میں عظیم قربانیاں دیکر یزیدی فکر کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے پاش پاش کردیا۔انہوں نے نوجوانوں پر زوردیا کہ وہ ساری ساری رات سوشل میڈیا اور فیس بک پرعریاں فحش اور غیراسلامی مواد کو دیکھنے کی بجائے اسوہ حسینی ؓ کو مینارہ نور بناکر اپنی زندگیوں میں انقلاب لائیں کیونکہ یہ زندگی عارضی اور نائپیدار اور کھیل کود کے سو اکچھ نہیں۔اگر ہم نے آخرت میں سرخرو ہونا ہے تو پھر ہمیں اﷲاور اس کے پیارے محبوب ؐکے بتائے ہوئے طریقوں میں عمل کرنا ہوگا۔