عاشورہ محرم پر اداروں کی کارکردگی شاندار ، ڈپٹی کمشنر
متعلقہ محکمے جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی کا کام جلد مکمل کریں ، گفتگو
ملتان ( وقائع نگار خصوصی)ملتان میں 10 محرم الحرام کے موقع پر مثالی امن و امان کی فضا برقرار رہی اور ضلع بھر میں تمام جلوس و مجالس پرامن انداز میں اپنے مقررہ اوقات کے مطابق اختتام پذیر ہوئیں۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے سکیورٹی، ٹریفک، صفائی، لائٹنگ اور ہنگامی سہولیات سمیت تمام انتظامات مؤثر انداز میں یقینی بنائے ۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے محرم الحرام کے سکیورٹی پلان، جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ کے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسروں سے امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ لی۔ ڈپٹی کمشنر نے محرم الحرام کے دوران فرائض انجام دینے والے پولیس، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو، صحت، بلدیاتی اداروں اور دیگر محکموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں کی مربوط حکمت عملی، مؤثر کوآرڈینیشن اور عوامی تعاون کے باعث ضلع بھر میں یوم عاشور پر مثالی امن و امان برقرار رہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے جلوسوں کی واپسی اور بعد ازاں صفائی سمیت دیگر انتظامات بھی بروقت مکمل کریں تاکہ شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے ۔