منڈی بہائوالدین: 77 کروڑ 89 لاکھ کی 2 سکیمیں منظور

منڈی بہائوالدین: 77 کروڑ 89 لاکھ کی 2 سکیمیں منظور

تمام ترقیاتی سکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو انکے بروقت ثمرات مل سکیں:کمشنر ، ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس، خطاب

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر )کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے منڈی بہائوالدین کیلئے دو سکیموں کی منظوری دیدی جن پر تخمینہ لاگت 77 کروڑ 89 لاکھ73ہزار روپے آئے گی۔ یہ بات انہوں نے ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اے سی جی ایم عامر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عبدالروف ،اے ڈی ڈویلپمنٹ حسن عظیم سمیت محکمہ بلڈنگز و دیگر محکموں کے افسر اجلاس میں شریک تھے ۔کمشنر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے عوامی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پائیدار ترقی کے حصول کا اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سکیموں کو مقررہ مدت، معیار اور شفافیت کے تقاضوں کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو انکے ثمرات بروقت حاصل ہو سکیں۔ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عبدالروف نے ڈویژن بھر میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں، فنڈز کے استعمال، پیشرفت اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے مختلف شعبوں میں جاری ترقیاتی سکیموں کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں۔کمشنر علی نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کی زندگی میں بہتری لانے کیلئے ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ، اس لیے تمام محکمے باہمی تعاون اور مؤثر نگرانی کے ذریعے منصوبوں کی رفتار کو مزید تیز کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ ترقیاتی کاموں میں اعلیٰ معیار، شفافیت اور مالی نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔اجلاس میں مختلف ترقیاتی سکیموں کی منظوری، پیش رفت اور آئندہ لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ وزٹس کے ذریعے منصوبوں کی مسلسل نگرانی کریں اور عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ خطے کی ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں