خطرناک عمارتوں میں ٹیوشن سنٹرز کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
ہر افسر اپنی حدود میں تعلیمی مراکز کی نگرانی کا ذمہ دار ،غفلت بر داشت نہیں:ڈی ای او
گوجرانوالہ( نیوز رپورٹر) کاہنہ لاہور میں پیش آنیوالے افسوسناک واقعہ کے بعد جس میں متعدد بچے جاں بحق اور زخمی ہوئے ، حکومت پنجاب نے طلبہ کی جانوں کے تحفظ کیلئے غیر قانونی اور خطرناک عمارتوں میں قائم سمر کیمپوں، ٹیوشن سینٹرز اور اکیڈمیوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ۔ اسی سلسلے میں ڈی ای او ایلیمنٹری میل سید سبطین مظہر نے ضلع بھر کے ڈپٹی ڈی ای اوز، اے ای اوز اور دیگر متعلقہ افسر وں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں قائم تمام نجی ٹیوشن سینٹرز، اکیڈمیوں، سمر کیمپوں اور کوچنگ سینٹرز کا فوری سروے کریں اور ان کی قانونی حیثیت، حفاظتی انتظامات اور عمارتوں کی مضبوطی کا جائزہ لیں۔انہوں نے واضح کیا کہ خطرناک، خستہ حال یا غیر محفوظ عمارتوں میں قائم کسی بھی ٹیوشن سینٹر، اکیڈمی یا سمر کیمپ کو ہرگز چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ایسی عمارتوں کو فوری طور پر بند کرایا جائے اور متعلقہ انتظامیہ کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ ڈی ای او سبطین مظہر نے مزید ہدایت کی کہ ہر افسر اپنی حدود میں قائم تعلیمی مراکز کی نگرانی کا خود ذمہ دار ہوگا اور کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔