لائن لاسز میں کمی ،گیپکو کو 5ارب کی اضافی آمدن
سخت مانیٹرنگ کے با عث 100فیصد سے زائد ریکوری :چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز گیپکو انجینئر مجاہد پرویز چٹھہ نے کہا ہے کہ گیپکو نے مالی سال 2025-26کے دوران آپریشنل، کمرشل اور تکنیکی شعبوں میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے مجموعی کارکردگی میں نمایاں بہتری کی ، لائن لاسز کو سنگل ڈیجٹ (9.80 فیصد) تک محدود کر دیا جبکہ ریکوری 100فیصد سے زائد رہی، 5.2 ارب روپے کی اضافی آمدن قومی خزانے میں جمع کرائی گئی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے ساتھ صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال میں گیپکو کے لائن لاسز 10.43 فیصد تھے جنہیں کم کرکے 9.80 فیصد پر لانااہم سنگِ میل ہے۔
چیئرمین بورڈ نے کہا کہ مالی سال کے دوران واجبات کی وصولی کو اولین ترجیح دی گئی جس کے نتیجے میں بھرپور ریکوری مہمات اور سخت مانیٹرنگ کے ذریعے 100 فیصد سے زائد ریکوری حاصل کی گئی۔ انجینئر مجاہد پرویز چٹھہ نے کہا کہ مالی سال کے دوران گیپکو نے جدید ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر (AMI)کی تنصیب میں بھی نمایاں پیش رفت کی۔ گھریلو، کمرشل، صنعتی، زرعی اور سرکاری شعبے کے تمام تھری فیز صارفین کو اے ایم آئی میٹرز فراہم کیے گئے جس سے توانائی کے مؤثر حساب، بلنگ کی درستگی، شفافیت اور بجلی کے استعمال کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کو فروغ ملا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments